5

حوثی حملوں کا اثر، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں

سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ 105 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگیا۔

دوسری جانب امریکی خام تیل کی قیمت بھی بڑھ کر 99 ڈالر فی بیرل سے زائد ہوگئی۔

سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

مارکیٹ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور تجارتی جہازوں کی سلامتی سے متعلق بڑھتے خدشات کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

عالمی منڈی میں مربان خام تیل کی قیمت بھی بڑھ کر 116 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق بحیرہ احمر عالمی تجارت کی اہم گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں جہاز رانی میں کسی بھی بڑی رکاوٹ سے عالمی توانائی مارکیٹ براہِ راست متاثر ہوسکتی ہے۔

حوثی حملوں کے باعث سرمایہ کاروں میں تیل کی سپلائی کے حوالے سے بے یقینی بڑھی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔