سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے مختلف علاقوں میں بدھ سے لے کر آئندہ پیر تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، قومی مرکزِ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر مکہ ریجن شدید بارشوں کی زد میں رہے گا، جہاں طائف، میسان، اضم اور العرصیات میں سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا خطرہ ہے، جبکہ الکامل، الجموم، بحرہ، اللیث اور القنفذہ کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقے بھی درمیانے سے لے کر شدید درجے کی بارشوں سے متاثر ہوں گے، جہاں مقامی انتظامیہ نے سیلابی ریلوں، ژالہ باری اور شدید گرد و غبار کے پیش نظر الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ مدینہ منورہ اور نجران کے ریجنز میں بھی ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سول ڈیفنس کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی بیان میں تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں۔ بیان میں بالخصوص تاکید کی گئی ہے کہ عوام سیلاب سے متاثرہ مقامات، برساتی نالوں، وادیوں اور نشیبی علاقوں سے مکمل طور پر دور رہیں، اور ان مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو جائے، وہاں ہرگز تیراکی یا تفریح سے گریز کریں۔









