سعودی عرب نے ایران کی جانب سے اردن پر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بلاجواز اور وحشیانہ قرار دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ریاض نے اردن اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے جبکہ ایرانی حملوں کے جواب میں اردن کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اردن اور خطے کے دیگر ممالک پر حملے فوری طور پر بند کرے۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے کشیدگی میں کمی اور سیکیورٹی مضبوط بنانے کی سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران اردن سمیت خطے کے متعدد ممالک ایرانی میزائل حملوں کی زد میں آچکے ہیں۔
اردن نے حالیہ ایرانی میزائل حملوں کے دوران بڑی تعداد میں میزائل فضا میں روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی عرب اس سے قبل بھی اردن اور دیگر خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرچکا ہے۔









