7

بڑھتی آبادی پاکستان کے محدود وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تیزی سے بڑھتی آبادی قدرتی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے، اس لیے زمین اور پانی کے مؤثر استعمال کیلئے مربوط اور جامع منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

اسلام آباد میں مربوط زمین و آبی استعمال کی منصوبہ بندی سے متعلق قومی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ محدود وسائل کے بہترین استعمال، پانی کے بڑھتے دباؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پائیدار حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے منصوبوں میں زمین اور پانی کے وسائل کو مرکزی اہمیت دینا ضروری ہے، جبکہ سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور زمینی حقائق کی بنیاد پر پالیسی سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطے اور اداروں کے مابین بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعے خوراک، پانی اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ قومی ورکشاپ اور تکنیکی ورکنگ گروپ کی سفارشات مستقبل کی پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا اور آنے والی نسلوں کیلئے قدرتی وسائل کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔