7

ایکس کا پرانا مانیٹائزیشن نظام ختم، کاپی پیسٹ کلچر کے خاتمے کے لیے "اورجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام" کا اعلان

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد پلیٹ فارم سے چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کا خاتمہ کر کے صرف اصلی مواد تخلیق کرنے والوں کو مالی فائدہ پہنچانا ہے۔ کمپنی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس نئے نظام کو "اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام" کا نام دیا گیا ہے۔ موجودہ ایڈز ریوینیو شیئرنگ پروگرام 7 ستمبر 2026 کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، جبکہ 8 ستمبر 2026 سے نئے پروگرام کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہوگا۔ جن صارفین کی شناختی تصدیق اور ادائیگی کا ذریعہ پہلے سے منسلک ہے، وہ اپنے کریئیٹر اسٹوڈیو میں جاکر اہلیت چیک کر سکتے ہیں۔ پاکستان سمیت مختلف ممالک میں اس مانیٹائزیشن کے بعد سے ٹی وی کلپس اور دیگر پلیٹ فارمز کی ویڈیوز اٹھا کر اپ لوڈ کرنے کا رجحان عام ہو گیا تھا، جس سے فیڈ غیر معیاری مواد سے بھر گئی تھی اور اب اس نئے اقدام سے اس غیر قانونی کاپی پیسٹ کلچر پر قدغن لگ جائے گی۔