10

مصنوعی ذہانت انسانیت کے وجود کیلئے خطرہ بن سکتی ہے؛ وولکر ترک

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) انسانیت کے وجود کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے بہت دیر ہونے سے پہلے اے آئی کے حوالے سے مضبوط حفاظتی ضمانتیں اور واضح حدود طے کرنا ضروری ہے۔

جنیوا میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وولکر ترک نے کہا کہ دنیا میں صرف چند افراد کے پاس مصنوعی ذہانت پر تقریباً لامحدود طاقت موجود ہے، جس کے ممکنہ اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی سے فائدہ اٹھانے والے ممالک کو مصنوعی ذہانت کے استعمال اور ترقی کیلئے واضح اور متفقہ حدود مقرر کرنے پر کام کرنا ہوگا۔

وولکر ترک نے مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اے آئی سے وابستہ خطرات کم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اے آئی تیار کرنے والے ممالک اور اس کی سپلائی چین میں شامل ریاستوں کو مل کر ایسے متفقہ اصول وضع کرنے چاہئیں جن کی خلاف ورزی کسی صورت نہ کی جاسکے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے مطابق مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ انسانی حقوق اور سلامتی کے تحفظ کیلئے مضبوط عالمی ضمانتیں اور واضح قواعد ناگزیر ہیں۔