ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں جاری بین الاقوامی نمائش کے دوران ایک انتہائی نایاب خالص سفید باز 15 لاکھ درہم (تقریباً چار لاکھ آٹھ ہزار امریکی ڈالر) میں فروخت ہو گیا، جو رواں سال کی نمائش کی اب تک کی سب سے مہنگی بولی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق "قرموشہ پیور الٹرا وائٹ" نامی اس نایاب باز کو امریکا کے معروف مارک موگلچ فالکن فارم میں پالا گیا تھا۔ تقریباً ایک کلوگرام وزنی اس پرندے کی دلکش سفید رنگت اور منفرد جسمانی ساخت نے نیلامی کے دوران شرکاء کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
یہ تاریخی نیلامی ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن کے 23ویں ایڈیشن کے پانچویں مرحلے میں طے پائی۔ رواں سال کی اس نمائش میں متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر سے پچپن نامور فالکن بریڈنگ فارمز شریک ہیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں بیس فیصد زیادہ ہیں۔ خلیجی خطے میں باز پالنا اور اس کے ذریعے شکار کھیلنا صدیوں پرانی روایت کا حصہ ہے، اور اماراتی ثقافت میں اس پرندے کو طاقت، جرأت اور فخر کی علامت مانا جاتا ہے۔









