اسلام آباد (بیورو رپورٹ) محکمہ موسمیات نے دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے۔ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، لیہ، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، کوہستان، سوات اور بونیر شامل ہیں، وہاں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
بارش کے اس طوفانی سلسلے کے باعث جڑواں شہروں میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے فوج کو طلب کرنے کے ساتھ تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔ شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ موجودہ موسمی سلسلہ پانچ ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔









