ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی ممکنہ قیمت، ڈیزائن اور اہم فیچرز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی یہ نیا فون 9 ستمبر کو اپنے سالانہ ایونٹ میں متعارف کراسکتی ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فولڈ ایبل آئی فون کی ابتدائی قیمت 2099 سے 2299 ڈالرز کے درمیان ہوسکتی ہے، جبکہ اس کے ٹاپ ماڈل کی قیمت 3 ہزار ڈالرز سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ اس طرح یہ ایپل کا اب تک کا مہنگا ترین آئی فون بن سکتا ہے۔
ممکنہ فیچرز کے مطابق فون کے بیرونی حصے میں 5.5 انچ کا OLED ڈسپلے ہوگا، جبکہ فون کھولنے پر 7.8 انچ کا OLED ڈسپلے دستیاب ہوگا جس میں ProMotion ٹیکنالوجی شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ڈیوائس میں Touch ID کے ساتھ A20 Pro چپ، 12 جی بی ریم اور 256 جی بی سے 2 ٹی بی تک اسٹوریج کے مختلف آپشنز دیے جانے کا امکان ہے۔
کیمرا سیٹ اپ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فون میں 24 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرا ہوگا، جبکہ بیک پر 48 میگا پکسل وائیڈ اور 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے شامل ہوسکتے ہیں۔
ڈیزائن کے لحاظ سے بھی ایپل کا فولڈ ایبل آئی فون دیگر کمپنیوں کے موجودہ فولڈ ایبل فونز سے مختلف ہونے کی توقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق فون نسبتاً چوڑا اور کم لمبا ہوگا، جبکہ کھولنے کے بعد اس کی اسکرین آئی پیڈ سے مشابہ محسوس ہوسکتی ہے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق فون کی قیمت تقریباً 2 ہزار ڈالرز بتائی جارہی تھی، تاہم تازہ رپورٹس میں اس سے کہیں زیادہ قیمت سامنے آئی ہے۔
ایپل کی جانب سے ان تفصیلات کی حتمی تصدیق ابھی سامنے نہیں آئی، اس لیے قیمت، فیچرز اور دستیابی سے متعلق حتمی معلومات کمپنی کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوں گی۔








