2

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت سرکاری خریداری پر ٹیکس کٹوتی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت سرکاری محکموں کی جانب سے اشیاء کی خریداری پر ودہولڈنگ سیلز ٹیکس کی کٹوتی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں مشیرِ خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، فنانس ڈیپارٹمنٹ، کیپرا، پی اینڈ ڈی، لوکل گورنمنٹ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سرکاری محکموں کی جانب سے اشیاء کی خریداری پر وفاقی ودہولڈنگ سیلز ٹیکس کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ٹیکس کٹوتی سے جڑے قانونی و مالیاتی امور، موجودہ طریقہ کار اور اس سلسلے میں درپیش چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے تمام امور کو آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہ کر چلایا جانا چاہیے، اور اس مسئلے کو دیگر صوبوں کے تناظر اور ان کی پالیسیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اجلاس کے دوران فوری اقدامات کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ ودہولڈنگ سیلز ٹیکس کے اس دیرینہ معاملے کو جلد از جلد خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے۔