2

جونیئر ایشیا کپ: پاکستان نے قازقستان کو 15 گول سےشکست دے دی

مینز جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قازقستان کو یکطرفہ مقابلے میں 15-0 سے شکست دے دی۔

چین میں جاری ایونٹ کے پول بی کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے آغاز ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور گول پوسٹ پر مسلسل حملے کرتے ہوئے میچ پر مکمل کنٹرول قائم رکھا۔

پاکستان کی جانب سے رانا عبدالسمیع اور رانا ولید نے شاندار ہیٹ ٹرکس مکمل کرتے ہوئے 4،4 گول اسکور کیے، جبکہ ندیم خان نے 2 گول کیے۔

بشارت علی، غلام مصطفیٰ، علی عنصر، محمد یحییٰ نجیب اور حمزہ علی نے ایک ایک گول کرکے پاکستان کی بڑی فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔

پاکستان کے رانا ولید کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ میچز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پاکستانی ٹیم کی یہ یکطرفہ کامیابی جونیئر ایشیا کپ میں قومی ٹیم کے مضبوط آغاز کی عکاسی کرتی ہے۔