فلپائن کی کوئزون سٹی ریجنل ٹرائل کورٹ نے نائب صدر سارا ڈوٹرٹے کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کردیا ہے۔
عدالت نے سارا ڈوٹرٹے کے خلاف تین الزامات میں مقدمہ چلانے کیلئے پیش کیے گئے شواہد کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے ممکنہ وجہ موجود ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔
یہ مقدمہ سارا ڈوٹرٹے کے 2024 میں دیے گئے ان بیانات سے متعلق ہے، جن میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں قتل کیا گیا تو انہوں نے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر، خاتونِ اول اور سابق اسپیکر کو قتل کرنے کیلئے ایک شخص سے رابطہ کر رکھا ہے۔
عدالت نے ہر الزام پر 120 ہزار فلپائن پیسو ضمانت مقرر کی ہے، جس کے مطابق مجموعی ضمانتی رقم 3 لاکھ 60 ہزار پیسو بنتی ہے۔
سارا ڈوٹرٹے کے وکیل کا کہنا ہے کہ نائب صدر قانون سے بچنے کی کوشش نہیں کریں گی اور دستیاب قانونی راستے اختیار کریں گی۔ ان کی قانونی ٹیم نے ضمانت کی رقم جلد جمع کرانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے۔
سارا ڈوٹرٹے کو اس وقت سینیٹ میں مواخذے کی کارروائی کا بھی سامنا ہے، جس کے باعث ان کے خلاف قانونی اور سیاسی دباؤ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
گرفتاری کے وارنٹ کے بعد اب سارا ڈوٹرٹے کی جانب سے قانونی کارروائی اور ضمانت کے عمل پر توجہ مرکوز ہے۔









