2

امریکا عرب اور ایرانی خودمختاری کا احترام نہیں کرتا، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اردن کے وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا پر عرب اور ایرانی خودمختاری کا احترام نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

عباس عراقچی نے سوال اٹھایا کہ کیا اردن کے وزیر خارجہ اس بات سے لاعلم ہیں کہ امریکا نے ابتدائی حملوں کے دوران بعض عرب ممالک کی فضائی حدود، زمینی اور سمندری حدود استعمال کیں، جن کے نتیجے میں ایرانی شہری ہلاک ہوئے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کسی ایسے جارح کے خلاف جواب دینے سے پہلے مزید کتنی دیر انتظار کرے جو نہ عرب ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور نہ ایران کی۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران خطے کے بعض عرب ممالک کی حدود کا استعمال ایک اہم مسئلہ ہے، جس پر تہران نے شدید اعتراضات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔

عراقچی کا یہ بیان ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے، جبکہ خطے میں فوجی سرگرمیوں اور جوابی کارروائیوں کے باعث صورتحال بدستور حساس ہے۔