وزٹ ویزے پر متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانی شہریوں کیلئے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جن میں یو اے ای کے قوانین کی سختی سے پابندی اور غیر قانونی سرگرمیوں سے مکمل اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق وزٹ ویزے پر یو اے ای جانے والے پاکستانی شہری ملازمت یا کسی بھی قسم کا کام کرنے سے گریز کریں اور ویزا ختم ہونے سے پہلے اسے قانونی طور پر تجدید یا اس کی حیثیت برقرار رکھیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی قیام یا کام کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جاری ہدایات کے مطابق پاکستانی شہری سوشل میڈیا پر یو اے ای کی حکومت، ثقافت یا حساس معاملات سے متعلق قابل اعتراض مواد شیئر کرنے سے گریز کریں۔ حساس اور اہم مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے قبل متعلقہ حکام سے اجازت لینا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
کسی تنازع کی صورت میں قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے پولیس سے رابطہ کرنے اور غیر قانونی احتجاج یا مظاہروں میں شرکت سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔
خواتین کے احترام اور ہر قسم کی ہراسانی سے مکمل اجتناب کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کا خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہنے اور ممنوعہ ادویات یا اشیا یو اے ای لے جانے سے اجتناب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق یو اے ای میں قیام کے دوران مقامی قوانین کی پابندی کرنا اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کرنا ضروری ہے جو قانونی پیچیدگی کا باعث بن سکتی ہو۔









