1

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، فتنہ الخوارج اور بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کاروائیوں میں 36 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائیاں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوبے میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کامیاب آپریشنز کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر ۳۶ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔ کوئٹہ کے علاقے شعبان میں خفیہ اطلاعات پر کی جانے والی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے ۴ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ۲۶ خوارجی ہلاک ہو گئے۔

اس کے علاوہ مستونگ میں کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ ۶ دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، اور ان کے قبضے سے برآمد ہونے والا بھاری گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی ناکارہ بنا دیے گئے۔ ادھر قلات میں دہشتگردوں کے ایک اور ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا جہاں ۲ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے، جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں بھی اسی نوعیت کی کارروائی میں ۲ مزید دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ سکیورٹی فورسز کا یہ عزم ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔