2

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 1.43 ڈالر اضافے کے بعد 92.44 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 1.22 ڈالر اضافے سے 96.85 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 1.57 فیصد جبکہ برینٹ کی قیمت میں 1.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب اماراتی خام تیل مربان تقریباً 106 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

نیچرل گیس کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو 0.054 ڈالر کم ہوکر 2.902 ڈالر پر آگئی۔

عالمی منڈی میں خaام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک میں کمی نے بھی عالمی توانائی مارکیٹ میں تشویش بڑھا دی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت 346 روپے 16 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 372 روپے 3 پیسے فی لیٹر کردی گئی تھی۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک میں پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔

ماہرین کے مطابق عالمی خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ درآمدی اخراجات بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ، بجلی اور صنعتی شعبے کے اخراجات پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔

موجودہ صورتحال میں عالمی توانائی مارکیٹ پر دباؤ برقرار ہے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافے کی صورت میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید بڑھوتری کا خدشہ موجود ہے۔