3

پابندیوں کے خاتمے کیلئے یورپ سے منت سماجت نہیں کریں گے، روس

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس یورپ کے پیچھے جا کر پابندیاں ختم کرنے کی درخواست نہیں کرے گا اور نہ ہی ماسکو کو کسی کی خیرسگالی کی ضرورت ہے۔

ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس نے کبھی یورپ کے ساتھ تعلقات میں دیواریں کھڑی نہیں کیں اور نہ خود کو یورپ سے الگ کیا، یہ فیصلہ یورپی یونین نے خود کیا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ نے یہ سمجھا کہ روس کیلئے تعاون اتنا ضروری ہے کہ ماسکو پابندیاں ختم کرانے کیلئے واپس آئے گا، معافی مانگے گا اور پرانے تعلقات بحال کرنے کی درخواست کرے گا، تاہم ایسا نہیں ہوگا۔

لاوروف کے مطابق روس اپنی قومی خودداری پر فخر کرتا ہے اور اسے کسی ملک یا گروپ کی خیرسگالی درکار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کے پاس ایسے دوست اور شراکت دار موجود ہیں جو باہمی احترام اور نیک نیتی کی بنیاد پر تعاون کیلئے تیار ہیں۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ یورپی قیادت ماسکو کے ساتھ نیک نیتی پر مبنی تعاون کیلئے تیار نہیں، اس لیے روس اپنی خارجہ اور اقتصادی پالیسی ان ممالک کے ساتھ آگے بڑھاتا رہے گا جو مساوی حیثیت، باہمی مفاد اور احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس اپنی پالیسی پر قائم رہے گا اور پابندیوں کے خاتمے کیلئے کسی کے سامنے درخواست یا خوشامد نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ ایسٹرن اکنامک فورم یکم سے 4 ستمبر تک روس کے شہر ولادی ووستوک میں جاری ہے، جہاں اقتصادی تعاون اور روس کے مشرقی خطے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔