پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ 36 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس مؤثر اور درست کارروائی میں 15 خوارج کا خاتمہ ہمارے جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مارے گئے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک میں بدامنی پھیلانے والے ان عناصر کو بیرونی معاونت حاصل ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے افغان بارڈر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا انتہائی قابلِ تشویش ہے، اور افغان طالبان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور 'عزمِ استحکام' کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی جبکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔









