6

بڈھ بیر میں سی ٹی ڈی کی کاروائی، فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ دہشت گرد کسی کارروائی کی غرض سے علاقے میں گشت کر رہے تھے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئی ہیں۔

کارروائی کے دوران کچھ دہشت گرد فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے ہیں جن کی تلاش کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڈھ بیر کے مختلف حصوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی سخت کر کے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے سی ٹی ڈی کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردوں کو صوبے کا امن خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔