بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی اور رویندر جدیجا کے مستقبل پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے اہم اجلاس میں غور کیے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس میں 2027 کے ایک روزہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے ایک رکن نے روہت شرما کو آگاہ کیا تھا کہ سلیکٹرز نے انہیں آئندہ بھارتی ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے پر روہت شرما ناراض بھی ہوئے تھے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روہت شرما انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ پر رضامند ہو گئے تھے، تاہم لارڈز میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میں ان کی شاندار 138 رنز کی اننگز کے بعد صورتحال تبدیل ہوگئی اور ان کی فوری ریٹائرمنٹ کا امکان کم ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت ویرات کوہلی اور رویندر جدیجا کے مقابلے میں روہت شرما پر ریٹائرمنٹ یا ٹیم سے باہر ہونے کا دباؤ زیادہ ہے، جبکہ تینوں کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ آنے والے اجلاس میں متوقع ہے۔
2027 کے ایک روزہ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل، نئے کھلاڑیوں کی شمولیت اور ٹیم کے کمبی نیشن پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔









