اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے کا جیل ٹرائل شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی۔ اس دوران جج نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک کیس میں جیل ٹرائل شروع ہونے والا ہے، اور کیا معلوم یہی مقدمہ بھی اسی عمل کا حصہ بن جائے۔ عدالت نے انکشاف کیا کہ جیل ٹرائل سے متعلق وزارتِ قانون کو خط لکھا گیا تھا تاہم تاحال اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل مرتضیٰ طوری نے وزارتِ قانون کے جواب سے متعلق استفسار کیا، جس پر جج طاہر عباس سپرا نے مسکراتے ہوئے اگلا کیس کال کروا دیا۔ عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی اور پیش نہ کیے جانے کے باعث کیس کی مزید کارروائی بغیر کسی کارروائی کے 29 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔









