7

9 مئی مقدمات: شاہ محمود قریشی اور اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے مختلف مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے شاہ محمود قریشی کی جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں دائر ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ اس دوران پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کے لیے مزید وقت کی استدعا کی۔ عدالت نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت ریکارڈ پیش کرنے کی باقاعدہ یقین دہانی کرائی جائے، جس پر پراسیکیوٹر نے اگلی پیشی پر ریکارڈ پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر عمر نے عدالت کے روبرو مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کی ضمانت کی درخواست گزشتہ تین برسوں سے زیرِ سماعت ہے اور یہ ملک کی طویل عرصے سے زیرِ التوا ضمانت کی درخواستوں میں شمار ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن ہر بار صرف نئی تاریخ حاصل کرنے کے لیے عدالت میں پیش ہوتی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شاہ محمود قریشی کی درخواست پر مزید کارروائی پانچ ستمبر تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب اسی عدالت میں نو مئی کے دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر بھی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے ان مقدمات کا ریکارڈ بھی پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے اعجاز چودھری کی درخواستوں پر سماعت نو ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔