جیگوار لینڈ روور کے لگژری برانڈ رینج روور نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی، جس میں شاہانہ آسائش، طاقتور کارکردگی اور جدید برقی ٹیکنالوجی کو یکجا کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئی الیکٹرک رینج روور کی بڑے پیمانے پر پیداوار برطانیہ کے شہر سولہل میں ہوگی، جبکہ گاڑی کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 70 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔
جیگوار لینڈ روور کے لیے نئی گاڑی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی کو رواں سال منافع میں کمی کا سامنا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ منصوبے پر کام کرنے والے 10 ہزار 500 ملازمین کو اضافی تربیت فراہم کی گئی، جبکہ نئی گاڑی کو انتہائی سخت آزمائشوں سے بھی گزارا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گاڑی کی آزمائش کے دوران مجموعی طور پر اتنا فاصلہ طے کیا گیا جو دنیا کے گرد 38 مرتبہ سفر کے مساوی ہے، جو کسی بھی سابقہ رینج روور کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
کمپنی کے مطابق نئی رینج روور کا برقی نظام پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کے مقابلے میں ماحولیاتی اثرات کم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
نئی گاڑی میں صارفین کے لیے خصوصی تیاری اور آرائش کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جس کے تحت مختلف رنگوں، سطحوں، کپڑوں اور اعلیٰ معیار کے مواد کا انتخاب کیا جاسکے گا، جبکہ اندرونی حصے میں ہاتھ سے نفیس سلائی بھی کی گئی ہے۔
رینج روور کے مینیجنگ ڈائریکٹر مارٹن لمپرٹ نے کہا کہ یہ گاڑی ایک دہائی پر محیط منصوبہ بندی، انجینئرنگ اور تکنیکی ترقی کا نتیجہ ہے۔









