10

فلپائن میں انوکھی شادی: جوڑے نے گھٹنوں تک بھرے سیلابی پانی میں شادی رچا لی

فلپائن میں جاری شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باوجود ایک جوڑے نے گھٹنوں تک بھرے پانی میں شادی کر کے سب کو حیران کر دیا۔ منیلا کے سینٹ جان دی بپٹسٹ چرچ میں پانی بھر جانے کے باوجود دلہن لیان لیزا گالانگ سفید عروسی لباس زیب تن کیے اور ہاتھ میں پھولوں کا گلدستہ تھامے احتیاط سے سیلابی پانی سے گزر کر چرچ پہنچیں، جہاں ان کی شادی گلبرٹ چیکو کے ساتھ انجام پائی۔

دولہا گلبرٹ چیکو کا کہنا تھا کہ انہوں نے شادی کی تمام تیاریاں مکمل کر رکھی تھیں اور انہیں اس بات کی کوئی پروا نہیں تھی کہ ان کے ملبوسات بھیگ جائیں گے۔ چرچ انتظامیہ نے سیلاب کے پیشِ نظر تقریب مؤخر کرنے کا مشورہ دیا تھا جو کہ گزشتہ ایک ماہ سے جزوی طور پر پانی میں ڈوبا ہوا ہے، لیکن جوڑے نے تقریب جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پادری کی جانب سے ایک مختصر تقریب میں دونوں کو رشتہ ازدواج میں منسلک کر دیا گیا جس میں پندرہ سے بھی کم افراد شریک ہوئے، جبکہ چرچ کے عملے نے بھی اس دن کو یادگار بنانے میں بھرپور مدد کی۔ واضح رہے کہ فلپائن میں اگست کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث شمالی حصے میں اب تک چونتیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔