4

خیبرپختونخوا حکومت کا طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز دینے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اسکوٹیز کی جلد از جلد فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں صرف پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو اسکوٹیز دی جائیں گی، جبکہ اگلے مرحلے میں اس فلاحی منصوبے کا دائرہ کار بڑھا کر اسے خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی سے خواتین کو اپنی تعلیم اور روزگار کے مقامات تک محفوظ اور آسان رسائی حاصل ہوگی، جس سے نہ صرف ان کی معاشی خودمختاری کو بھرپور فروغ ملے گا بلکہ ماحول دوست ہونے کی وجہ سے اس سے فضائی آلودگی میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔