5

حنا جاوید قتل کیس؛ دونوں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

ڈیجیٹل ڈیزائنر حنا جاوید کے قتل کیس میں گرفتار شوہر فیصل اصغر اور ملازم زیشان کو عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

دونوں ملزمان کو ڈیوٹی سول جج عادل سرور سیال کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی تفتیش جاری ہے، تاہم ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔

عدالت نے دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے انہیں 16 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ مقررہ تاریخ تک تفتیش مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کیا جائے۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے مبینہ آلۂ قتل، پیچ کس، کپڑا اور لوہے کی تار برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم فیصل اصغر سے اس کی پہلی اور دوسری بیوی کے نکاح نامے جبکہ پہلی بیوی ارم زیب کا طلاق نامہ بھی قبضے میں لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں نکاح ناموں اور طلاق نامے کی یونین کونسل سے تصدیق بھی کروا لی گئی ہے۔

دونوں ملزمان اس سے قبل 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں رہے تھے۔ عدالتی حکم کے بعد پولیس دونوں ملزمان کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے روانہ ہوگئی۔