5

شہباز شریف کرغزستان کا سرکاری دورہ مکمل، وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔

دورے کے اختتام پر کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے خود گاڑی چلا کر وزیراعظم شہباز شریف کو ایئرپورٹ پہنچایا اور رخصت کیا۔ اس موقع کو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور کرغزستان کی جانب سے مہمان نوازی کے اظہار کے طور پر دیکھا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرغزستان کے دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتیں انتہائی مثبت رہیں اور دونوں ممالک نے باہمی تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے درمیان موجودہ تجارتی حجم میں اضافے کیلئے اقدامات پر بات چیت ہوئی، جبکہ آئندہ دو برس کے دوران دوطرفہ تجارت کو 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے اہم معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق وزیراعظم کے دورۂ کرغزستان میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے کامیاب دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے اور تجارت میں اضافے کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔