6

فیک ویڈیو کیس:عظمیٰ بخاری عدالت میں بیان دینے پہنچ گئیں، فلک جاوید سے تلخ کلامی

صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی مبینہ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کیے جانے کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، عظمیٰ بخاری نے عدالت میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔

ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے مقدمے کی سماعت کی۔ عظمیٰ بخاری اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ مقدمے میں گرفتار ملزمہ فلک جاوید کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

بیان ریکارڈ کراتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے نام سے ایک جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی، جس سے انہیں شدید ذہنی اذیت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ ویڈیو 24 اور 25 جولائی 2025 کی درمیانی شب سوشل میڈیا پر ان کے نام سے شیئر کیے جانے کا علم ہوا، جس کے بعد انہوں نے قانونی کارروائی کیلئے رجوع کیا۔

سماعت کے دوران ملزمہ فلک جاوید کے وکیل کے اعتراض پر عظمیٰ بخاری اور فلک جاوید کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ عدالت نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں فریقین کو خاموش رہنے کی ہدایت کی۔

عدالت میں عظمیٰ بخاری کے بیان کی تکمیل کے بعد ملزمہ کے وکیل نے جرح کیلئے مزید وقت طلب کیا۔ عدالت نے جرح کیلئے 12 ستمبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

پولیس کے مطابق مقدمے کی تحقیقات مکمل کرکے فلک جاوید اور دیگر ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے، جبکہ کیس میں مختلف افراد پر جعلی مواد تیار کرنے، اپ لوڈ کرنے اور اسے سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزامات زیرِ بحث ہیں۔

عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر عظمیٰ بخاری کے بیان پر جرح کی جائے گی، جس کے بعد مقدمے کی کارروائی مزید آگے بڑھے گی۔