4

مساتو کانڈا دوبارہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے صدر منتخب

ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے صدر مساتو کانڈا دوسری مدت کے لیے متفقہ طور پر دوبارہ منتخب ہوگئے ہیں۔

اے ڈی بی کے مطابق مساتو کانڈا کی نئی پانچ سالہ مدت 24 نومبر 2026 سے شروع ہوگی۔ وہ نومبر 2024 میں اے ڈی بی کے 11ویں صدر منتخب ہوئے تھے اور 24 فروری 2025 کو باقاعدہ طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔

مساتو کانڈا نے اپنے دوبارہ انتخاب کے بعد کہا کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کو رکن ممالک کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق تیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی کو خطے میں استحکام کا مرکز بننا ہوگا، تاہم استحکام کا مطلب ایک جگہ رک جانا نہیں بلکہ بدلتے حالات کے مطابق مؤثر اقدامات کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اے ڈی بی نے 2025 میں رکن ممالک کیلئے ریکارڈ 44 ارب ڈالر کی معاونت فراہم کی۔ اس میں بینک کے اپنے وسائل سے 29 ارب ڈالر سے زائد اور تقریباً 15 ارب ڈالر کی شریک مالی معاونت شامل تھی۔

اے ڈی بی کے چارٹر میں ترمیم کے بعد بینک کی سالانہ مالیاتی صلاحیت میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اے ڈی بی اپنے وسائل سے سالانہ 36 ارب ڈالر سے زائد کی مالی معاونت فراہم کرنے کے قابل ہوگیا ہے۔

مساتو کانڈا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اے ڈی بی رکن ممالک کی معاشی ترقی، علاقائی استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔