پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین قائم ہونے والے نئے اسٹریٹجک اتحاد کا باضابطہ نام مکہ دفاعی اتحاد رکھ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس استنبول میں منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف ڈیفنس فورسز نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیے میں موجود فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب اور ترکیے کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اجلاس کے دوران کئی بڑے فیصلے کیے گئے جن کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کا مرکزی سیکریٹریٹ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم ہوگا، جبکہ پہلے تین سال کے لیے سیکریٹری جنرل کا اہم ترین عہدہ پاکستان کو تفویض کیا گیا ہے۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک نے مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی صنعت میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تینوں برادر ملک مشترکہ دفاعی ٹیکنالوجی کی ترقی اور پیداوار پر مل کر کام کریں گے، جبکہ مسلح افواج کے مابین ہم آہنگی کو بڑھانے اور اس تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور بحرانوں کے پرامن حل کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔









