6

صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کا انٹرنز پر ادارے کے مثبت سفیر بننے پر زور، انٹرن شپ پروگرام کی تقریبِ کا انعقاد

پشاور (نمائندہ خصوصی): صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا سعید گل نے انٹرنشپ مکمل کرنے والے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ عملی میدان میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سفیر کے طور پر مثبت کردار ادا کریں۔ وہ صوبائی الیکشن کمشنر آفس پشاور میں دو ماہ پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کے اختتام پر منعقدہ باضابطہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) محمد فرید آفریدی، ڈائریکٹر ایم آئی ایس عبدالقادر، ڈائریکٹر الیکشنز محمد ندیم خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ سعید گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ کو عملی پیشہ ورانہ تجربہ فراہم کرنا اور تعلیمی میدان و دفتری امور کے مابین فرق کو ختم کرنا تھا۔ انہوں نے انٹرنز کی ڈیجیٹل مہارتوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں دیانت داری، وقت کی پابندی اور محنت کو اپنا شعار بنانے کی تلقین کی۔

اس موقع پر شرکاء نے دو ماہ کی عملی تربیت کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر کورس مکمل کرنے والے تمام انٹرنز میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔