8

گورنر فیصل کریم کنڈی سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے وفد کی ملاقات، صوبائی امور پر تبادلہ خیال، سیرت کانفرنس میں شرکت کی دعوت

پشاور (نمائندہ خصوصی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ خیبرپختونخوا کے ایک نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفد کی قیادت صوبائی صدر محمد اشفاق خان کر رہے تھے، جبکہ دیگر ارکان میں جنرل سیکریٹری پشاور ڈویژن حافظ یاور آفتاب، جنرل سیکریٹری پشاور غازی انعام اللہ، شعبہ دعوت و اصلاح پشاور ڈویژن کے رہنما شیخ عارف اللہ خٹک اور صدر تعلقات عامہ عبیدالرحمان شامل تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے باہمی کردار اور ذمہ داریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفد نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام 6 ستمبر کو پشاور میں منعقد ہونے والی سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں گورنر فیصل کریم کنڈی کو بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔