6

کھلا خشک دودھ بچوں کیلئے خطرناک؟ کوئٹہ میں حکام کا اہم اجلاس

(ویب ڈیسک) کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت اور اس سے وابستہ ممکنہ صحت کے خطرات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈرگ انسپکٹرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی، جہاں کھلے خشک دودھ کی فروخت سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

کھلے خشک دودھ پر ضروری معلومات درج نہ ہونے کا انکشاف

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ کھلے خشک دودھ پر عموماً ایکسپائری ڈیٹ، بیچ نمبر اور دیگر ضروری معلومات درج نہیں ہوتیں، جس کے باعث اس کی فروخت اور استعمال میں صارفین کو مصنوعات کے معیار اور محفوظ ہونے سے متعلق اہم معلومات دستیاب نہیں ہوتیں۔

اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ غیر محفوظ طریقے سے فروخت ہونے والا خشک دودھ خصوصاً بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ اور خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

حکام نے عوامی صحت کے تحفظ اور خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ کھلے خشک دودھ کی فروخت سے متعلق صورتحال کا جائزہ لینے اور ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور عوام کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔