بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع گورکھپور میں چلتی ٹرین سے کرنسی نوٹوں کی بارش کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں پیسے سمیٹنے کے لیے ریلوے اسٹیشن پر موجود افراد میں افراتفری مچ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پیپی گنج ریلوے اسٹیشن پر صبح کے وقت پیش آیا جب گورکھپور سے پنویل (ممبئی) جانے والی ایکسپریس ٹرین پلیٹ فارم سے گزر رہی تھی۔ ٹرین میں سوار کسی نامعلوم مسافر نے پانچ پانچ سو روپے کے نوٹوں سے بھری پلاسٹک کی تھیلی نیچے پھینکی، جو گرتے ہی کھل گئی اور کرنسی نوٹ ہوا میں بکھر گئے۔
ہوا میں اڑتے ہوئے نوٹ دیکھ کر اسٹیشن پر موجود لوگوں نے رقم جمع کرنے کے لیے دوڑیں لگا دیں اور جو شخص جتنے نوٹ اٹھا سکا لے کر چلتا بنا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹرین کا اسٹیشن پر اسٹاپ نہ ہونے کی وجہ سے مسافر نے اپنے کسی جاننے والے کو رقم پہنچانے کی کوشش کی تھی، تاہم نوٹ پھینکنے والے کی فوری شناخت نہیں ہو سکی ہے۔









