پشاور (اسپورٹس رپورٹر): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شیرون نیازی نے گورنر ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات کی، جس میں صوبے میں ڈومیسٹک اور اسکول کرکٹ کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسامہ شیرون نیازی نے گورنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں 16 ڈومیسٹک ریجنز قائم ہیں جن میں خیبرپختونخوا کے پشاور، فاٹا اور ایبٹ آباد ریجنز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں نئی اصلاحات پر عملدرآمد جاری ہے جس سے 2018ء کی پالیسی سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دائرہ تین گنا وسیع کر دیا گیا ہے، جس میں ملک بھر کے 1200 سے زائد سرکاری و نجی اسکولز حصہ لیں گے، جس سے خیبرپختونخوا کے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا بھرپور موقع ملے گا۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری اداروں کی بھی اپنی کرکٹ ٹیمیں ہونی چاہئیں اور پی سی بی ریجنز میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دو کرکٹ گراؤنڈز کو ڈومیسٹک مقابلوں کے لیے فعال کیا جائے اور صوبے میں بین الاقوامی معیار کے نئے اسٹیڈیمز تعمیر کیے جائیں۔ گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں کرکٹ کی بہتری اور نوجوانوں کی سرپرستی کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔









