اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بزرگ پنشنرز کے لیے بڑی آسانی پیدا کرتے ہوئے پروف آف لائف (تصدیقِ حیات) سرٹیفکیٹ کی فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اب ریٹائرڈ ملازمین بغیر کسی چارجز کے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔
اس اقدام کے تحت بزرگ پنشنرز کو نادرا دفاتر کے چکر کاٹنے سے نجات دلانے کے لیے "پاک آئی ڈی" موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن تصدیق کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ اگر کوئی بزرگ شہری خود موبائل ایپ استعمال کرنے سے قاصر ہو تو ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد ضروری شناختی مراحل مکمل کر کے ان کی تصدیق کرا سکتا ہے۔
نادرا کے مطابق ڈیجیٹل طریقہ کار کے علاوہ ملک بھر میں قائم 5 ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائزز، 988 سے زائد رجسٹریشن مراکز اور 500 سے زائد یونین کونسلز کے کاؤنٹرز سے بھی یہ سرٹیفکیٹ مفت دستیاب ہوگا۔ معذور، صاحبِ فراش اور نقل و حرکت سے معذور بزرگ شہریوں کے لیے نادرا کی موبائل وین سروسز کے ذریعے گھر پر سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔









