5

کراچی میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

شہر کے مختلف علاقوں میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہونے لگی، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 350 سے 370 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے، جبکہ اس کا سرکاری نرخ 254 روپے فی کلو مقرر ہے۔

یوں مارکیٹ میں ایل پی جی سرکاری نرخ کے مقابلے میں تقریباً 100 روپے فی کلو تک مہنگی فروخت ہورہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ منافع خوروں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرکے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ مہنگی گیس کے باعث گھریلو اخراجات میں بھی مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنائی جائے اور مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مہنگائی کے پہلے سے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث ایل پی جی کی اضافی قیمت نے شہریوں کے گھریلو بجٹ پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔