5

فیلڈ مارشل عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق کمیٹی کا پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا۔

ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع شرکت کریں گے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر اہم مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے اور باہمی دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں دستخط کیے گئے تھے۔ معاہدے پر ترک صدر، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہباز شریف نے دستخط کیے تھے۔

قبل ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ چکے ہیں۔ استنبول ایئرپورٹ پر ترک ڈپٹی چیف آف اسٹاف بریگیڈیئر جنرل شینول وارول نے ان کا استقبال کیا۔

تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے آئندہ اجلاس میں علاقائی سلامتی، دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی اور باہمی فوجی تعاون کے حوالے سے اہم امور زیر غور آنے کا امکان ہے۔