6

پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، انتہائی مطلوب ڈکیت گینگ کے 4 کارندے ہلاک

پولیس نے تھانہ یکہ توت کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے تین صوبوں اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب انتہائی خطرناک جرائم پیشہ گینگ کے 4 ارکان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا، جبکہ 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، گاڑیاں چھیننے اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان خود کو سکیورٹی اہلکار ظاہر کرکے گھروں میں داخل ہوتے اور مبینہ طور پر ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے۔ گینگ کے متعدد ارکان مختلف مقدمات میں نامزد اور گرفتار بھی ہوچکے ہیں۔

سی سی پی او کے مطابق مذکورہ گینگ نے ڈی ایچ اے کراچی میں تقریباً 8 کروڑ روپے، راجہ بازار راولپنڈی میں 10 کروڑ روپے اور دیر میں 5 کروڑ روپے کی مبینہ ڈکیتی کی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے سوات میں تقریباً 8 کروڑ روپے، حیات آباد میں 80 لاکھ روپے جبکہ چمکنی میں تقریباً 2 کروڑ روپے کی واردات بھی کی۔

ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ ملزمان جھنگ میں ایم پی اے خالد سرگانہ کے گھر مبینہ ڈکیتی میں بھی ملوث تھے، جبکہ سندھ اسمبلی کے ایک رکن کے گھر سے 168 تولے سونا لے جانے کا الزام بھی ان پر ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گینگ نے ایک اعلیٰ سرکاری شخصیت کے صاحبزادے سے تقریباً 6 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ میں بھی مبینہ طور پر کردار ادا کیا۔

پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ ہلاک ملزمان کے دیگر جرائم اور نیٹ ورک سے متعلق بھی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔