5

سعودی عرب نے پاکستان سے زرعی اور غذائی درآمدات بڑھانے کا فیصلہ

پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی اور غذائی شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات 3 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کردیا۔

اس حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن اے الفضلی کی قیادت میں سعودی وفد نے 26 سے 28 اگست 2026ء تک اسلام آباد کا دورہ کیا۔

سعودی وفد میں وزارت ماحولیات، پانی و زراعت، جنرل فوڈ سکیورٹی اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی، جبکہ پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کی۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے آئندہ دو سال کے دوران پاکستان کی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات 3 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے چاول، سرخ گوشت، پھل اور فروٹ کنسنٹریٹس، سبز چارہ اور پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی زرعی ٹیکنالوجیز کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے 2025ء میں سعودی عرب کو تقریباً 169 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر رہی۔ سعودی فریق نے آئندہ برسوں میں چاول کی دوطرفہ تجارت بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

سرخ گوشت کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن سرخ گوشت فراہم کرتا ہے، جس کی مالیت تقریباً 167 ملین ڈالر ہے، جبکہ سعودی وفد نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد بتدریج دگنا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

پھلوں اور ان کے کنسنٹریٹس کے حوالے سے بھی سعودی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کا حصہ بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط، میچ میکنگ اور معیار کی سرٹیفکیشن کی باہمی منظوری کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی۔

سعودی فریق نے سبز چارے کو بھی تجارت میں وسعت اور طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کے لیے امید افزا شعبہ قرار دیا۔ دونوں ممالک نے پنجاب کے ضلع بھکر میں پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا۔

دونوں فریقین نے لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں پاکستانی نجی شعبے کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری تجاویز کا بھی جائزہ لیا اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

سعودی وفد کے دورے کے دوران پاکستان-سعودی عرب ایگریکلچر اینڈ فوڈ اسٹریٹجک پلان پر بریفنگ کے علاوہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل، فوجی فاؤنڈیشن، پاکستان-سعودی عرب ایگری بزنس فورم اور نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کے حکام سے ملاقاتیں بھی کی گئیں۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات سمیت وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ سعودی عرب میں اکتوبر 2026ء میں ہونے والی سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔