7

راول ڈیم میں پانی بڑھ گیا، انتظامیہ کا سپل ویز کھولنے کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں مون سون بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.40 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث سپل ویز 31 اگست کی صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔

انتظامیہ نے سپل ویز کھولنے کے دوران ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ سپل ویز کھولنے سے قبل شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سپل ویز کھولے جانے کے دوران ندی نالوں، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں یکم سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتیں۔