8

پی ڈی ایم اے نے 5 ستمبر تک بارشوں کا الرٹ جاری کردیا

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے 8ویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے 29 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے۔

یکم سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 4 ستمبر کے دوران کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں اور بعض اضلاع میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان موجود ہے۔

پنجاب کے بالائی علاقوں، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں اور سندھ میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔