7

پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کی تنظیمِ نو کا عمل شروع: اے این پی کے اجلاسوں میں 5 رکنی کمیٹیوں اور عمر کی حد کا فیصلہ

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی تھنک ٹینک، مرکزی کابینہ، مرکزی ورکنگ کمیٹی اور مرکزی کونسل کے چار روزہ تفصیلی مشاورتی اجلاسوں میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) کی فعالیت اور تنظیمِ نو کے حوالے سے کلیدی فیصلے کر لیے گئے ہیں۔

فیصلے کے تحت تمام صوبائی یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں کے معروضی حالات اور زمینی حقائق کے مطابق پی ایس ایف کی نئی تشکیل اور تحرک کے لیے فوری طور پر 5 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی کا اعلان کریں۔ اجلاس میں صوبائی یونٹس کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ چاہیں تو اپنی سابقہ صوبائی تنظیموں کو بحال کر سکتے ہیں۔ تمام صوبائی آرگنائزنگ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل مکمل ہونے کے بعد مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ پارٹی قیادت نے طلباء ونگ میں نوجوان قیادت کو آگے لانے کے لیے صوبائی اور مرکزی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے اراکین کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 28 سال مقرر کر دی ہے۔