7

عالمی مارکیٹ میں 1 ارب ڈالر کے یورو بانڈز اور 75 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کرنے کی تیاریاں شروع: وزارتِ خزانہ

وفاقی وزارتِ خزانہ نے بیرونی فنانسنگ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے رواں مالی سال کے دوران عالمی کیپیٹل مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز اور چینی مارکیٹ میں 75 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز کے اجرا کی باقاعدہ تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق یورو بانڈز کا اجرا 2 سے 3 مختلف اقساط میں کیا جائے گا، جبکہ حکومت رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر عالمی منڈی سے 2 ارب ڈالر تک کے مختلف بانڈز فلوٹ کرنے کی حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے۔ مزید برآں، میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت آئندہ 3 سالہ مدت کے لیے بھی بیرونی قرضوں اور ادائیگیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مزید بانڈز جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ حکام کی ترجیح ہے کہ ملک کی بہتر کریڈٹ ریٹنگ اور معاشی استحکام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یورو بانڈز 7 فیصد سے کم شرحِ منافع پر جاری کیے جائیں تاکہ بیرونی مالیاتی دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔