6

یوسف والا کول ٹرین حادثہ، ریلوے کی ابتدائی رپورٹ میں بڑا انکشاف

 یوسف والا میں کوئلے سے بھری مال بردار ٹرین کے حادثے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ میں اسٹیشن ماسٹر کی مبینہ غفلت کو حادثے کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تفصیلی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔

ریلوے حکام کی 5 رکنی مشترکہ کمیٹی نے جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔ رپورٹ کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اسٹیشن ماسٹر امیر علی نے پوائنٹس کی پوزیشن چیک کیے بغیر ٹرین کے لیے سگنل دے دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت پوائنٹس لوپ لائن کے لیے سیٹ تھے۔ دیگر عملے کی جانب سے اسٹیشن ماسٹر کو سگنل کے پیلے ہونے سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد ٹرین ڈرائیور کو رفتار کم کرنے کی ہدایت کی گئی، تاہم وقت کم ہونے کے باعث ٹرین سینڈ ہمپ سے ٹکرا گئی اور پٹڑی سے اتر گئی۔

حادثے کے نتیجے میں انجن نمبر 9042 الٹ گیا جبکہ 30 سے زائد ویگنز بھی پٹڑی سے اتر گئیں۔ حادثے میں انجن کو شدید نقصان پہنچا اور ٹریک سمیت مین لائن بھی متاثر ہوئی۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثے سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔