6

دنیا کے کم عمر ترین بادشاہ 34 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

یوگنڈا کی تورو سلطنت کے بادشاہ اویو نمبا کبمبا اگورو رُکیدی چہارم 34 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

بادشاہ کے انتقال کی اطلاع یوگنڈا کی وزیراعظم کی جانب سے دی گئی، تاہم تورو سلطنت نے ان کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکومت کے ایک وزیر نے بتایا کہ بادشاہ اویو شدید علیل تھے اور امریکہ میں زیر علاج تھے۔

بادشاہ اویو نے اپنے والد کی وفات کے بعد 1995 میں صرف 3 سال کی عمر میں تورو سلطنت کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔ کم عمری میں تخت نشینی کے باعث انہیں عالمی سطح پر شہرت حاصل ہوئی اور گنیز ورلڈ ریکارڈ نے انہیں دنیا کے کم عمر ترین بادشاہ کے طور پر تسلیم کیا۔

یوگنڈا میں منتخب صدر کے ذریعے حکومت چلائی جاتی ہے، تاہم ملک میں کئی روایتی سلطنتیں اب بھی موجود ہیں۔ ان روایتی سلطنتوں کے پاس سیاسی اختیارات نہیں، لیکن انہیں ثقافتی اور سماجی سطح پر نمایاں اثر و رسوخ حاصل ہے۔

بادشاہ اویو تورو سلطنت کے 13ویں بادشاہ تھے۔ تورو سلطنت کی بنیاد انیسویں صدی کے اوائل میں رکھی گئی تھی اور بادشاہ اویو 20 لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل آبادی کی روایتی قیادت کر رہے تھے۔

تین سال کی عمر میں تخت سنبھالنے والے بادشاہ اویو نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ تورو کی ثقافتی شناخت اور روایتی نظام کی نمائندگی میں گزارا۔

ان کے انتقال پر یوگنڈا میں سوگ کی فضا ہے۔