6

روس کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

روس کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگی مشقوں کے دوران ملک کے شمال مغربی علاقے آرخانگلسک میں واقع پلیسیسک کاسموڈروم سے ٹھوس ایندھن والے موبائل بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔

روسی اسٹریٹجک میزائل فورسز کے مطابق میزائل داغنے سے قبل ایک موبائل لانچر بیٹری کو دور دراز علاقے میں تعینات کیا گیا، جس کے بعد میزائل کو روس کے مشرقی حصے میں واقع کامچاٹکا جزیرہ نما کی کورا ٹیسٹ سائٹ کی جانب فائر کیا گیا۔

روسی فوج کے مطابق دونوں مقامات کے درمیان فاصلہ 6700 کلومیٹر سے زائد ہے۔ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تجربے کا بنیادی مقصد میزائل سسٹم کی ٹیکٹیکل، تکنیکی اور پرواز سے متعلق خصوصیات کی تصدیق کرنا تھا۔

وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ تجربے کے دوران تمام مقررہ اہداف مکمل طور پر حاصل کرلیے گئے اور میزائل نے ہدف کی جانب اپنی پرواز مقررہ معیار کے مطابق مکمل کی۔

روس نے تجربے میں استعمال ہونے والے میزائل کی مخصوص شناخت ظاہر نہیں کی۔ تاہم اطلاعات کے مطابق مئی کے وسط میں بھی روسی میزائل فورسز کی مشقوں کے دوران آر ایس-24 یارس (RS-24 Yars) میزائل سسٹم کا تجربہ کیا گیا تھا۔

روس کا یہ تازہ میزائل تجربہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں غیر مصدقہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یوکرینی ڈرونز نے روس کی اہم فوجی اسپیس پورٹ پلیسیسک کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

روسی حکام کی جانب سے تازہ تجربے کو جنگی مشقوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل طویل فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔