7

لارڈز ٹیسٹ: پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے تاریخی سنگ میل عبور کرلیا

پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے لارڈز کے تاریخی میدان میں شاندار سنگ میل عبور کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 900 وکٹیں مکمل کرلیں۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے سیشن میں محمد عباس نے بین ڈکٹ اور ایمو گے کو آؤٹ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا، جبکہ 17 رنز بنانے والے بین ڈکٹ کی وکٹ ان کی 900ویں فرسٹ کلاس وکٹ ثابت ہوئی۔

محمد عباس نے یہ تاریخی سنگ میل اپنے 222ویں فرسٹ کلاس میچ میں حاصل کیا۔ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر میں 20.43 کی بولنگ اوسط، 57 مرتبہ پانچ وکٹیں اور 15 بار اننگز میں پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا اعزاز شامل ہے۔

اس کارنامے کے بعد محمد عباس 21ویں صدی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اس فہرست میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 1157 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

لارڈز ٹیسٹ کے ابتدائی سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم مشکلات سے دوچار رہی اور 13 اوورز میں 57 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی، تینوں وکٹیں محمد عباس نے حاصل کیں۔

محمد عباس نے انگلش کپتان جو روٹ کی اہم وکٹ بھی حاصل کی، جس کے باعث پاکستان کو میچ کے آغاز میں اہم برتری حاصل ہوئی۔