7

پاکستان کویت دفاعی شراکت داری میں اہم پیش رفت، پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط

پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط بھی ہوگئے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کیے گئے۔ اعلامیے کے مطابق نیا معاہدہ 2023 میں طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت قائم فریم ورک کا تسلسل ہے اور اس سے دونوں ممالک کے موجودہ فوجی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔

معاہدے کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا، جبکہ فوجی اہلکاروں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے میں بھی تعاون کیا جائے گا۔a

اعلامیے کے مطابق سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ دفاعی تعاون کو باہمی طور پر طے شدہ مزید شعبوں تک وسعت دی جائے گی۔

دونوں ممالک نے دفاعی تعلقات کو باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی بنیاد پر مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کویت دوطرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط اور دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل مہارت کو سراہا۔