ماسکو: روس نے متنبہ کیا ہے کہ اگر یوکرین نے روسی سرزمین پر حملوں کے لیے برطانوی ساختہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل استعمال کیے تو جوابی کارروائی کے طور پر یوکرین کی حدود کے اندر اور باہر موجود برطانوی فوجی اہداف اور تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے پریس بریفنگ میں اس انتباہ کو اب تک کی سخت ترین وارننگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ روسی شہریوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں باضابطہ طور پر شریکِ جرم بننے کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ برطانوی قیادت اپنی جارحانہ پالیسی پر نظرثانی کرے کیونکہ اس طرزِ عمل سے تنازع انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ سکتا ہے۔
یہ سخت ردعمل ڈونیٹسک کے ایک شاپنگ مال پر مبینہ برطانوی 'اسٹارم شیڈو' میزائل حملے اور برطانیہ کی جانب سے یوکرین کو ان طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی مقامی پیداوار کے لیے خفیہ ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے اعلانات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔









